اسلام آباد:: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے مربوط اور موثر اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔ فیڈرل ڈرگ انسپکٹرز کے ذریعے مارکیٹ میں کرونا وائرس سے متعلقہ حفاظتی اشیا کا سروے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صورتحال پر گہری نظر ہے۔ بلیک مارکیٹنگ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ مارکیٹ سروے میں حفاظتی ماسک کے حوالے سے تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے حفاظتی اشیا کی دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں وزارت کے ترجمان نے کہا کہ ڈریپ کی ہیلپ لائنز پر موصول ہونے والی شکایت میں زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف شکنجہ تیار کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا کی ہدایت پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی بڑا ایکشن لے رہی ہے جس کے تحت پورے ملک میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔