کراچی:: کراچی کا علاقہ سہراب گوٹھ اندرون ملک آمدورفت کے لیے اہم گزرگاہ ہے لیکن یہ علاقہ کراچی شہر کے پسماندہ ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے جہاں بنیادی سہولتیں ہی ناپید ہیں۔
کراچی سے اندرون ملک جانے اور آنے کے لیے 90 فی صد ٹرانسپورٹ سہراب گوٹھ سے ہی ہوکر گزرتی ہے لیکن کراچی کا یہ اہم انٹری پوائنٹ، کسی انتہائی پسماندہ علاقے کی منظر کشی کرتا نظر آتا ہے۔
ایم نائن یا سپر ہائی وے پر بے ترتیب ٹریفک، پودوں اور درختوں سے خالی گرین بیلٹ پر کچے کے ڈھیر اور اوپر سے ان پر کھڑی ہیوی مشینری اہم شاہراہ کا احوال سنا رہی ہیں تو دوسری جانب تو اندر کے علاقے بھی دھول مٹی، کچی گلیوں، سیورج کے تباہ حال نظام سے دوچار ہیں۔
سہراب گوٹَھ کے رہائشیوں کے لئے علاقہ ایک اہم کاروباری مرکز بھی ہے، یہاں یومیہ اربوں روپوں کی کاروباری سرگرمیاں ہوتی ہیں۔ پورے ملک کی طرح سہراب گوٹھ کے باسی بھی تبدیلی کے منتظر ہیں اور گزشتہ الیکشن میں اسی تبدیلی کو حاصل کرنے کےلیے انہوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیئے تھے۔