اسلام آباد:: چیف آف نیول سٹاف انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ کا 4 فروری سے آغاز ہو گا۔
پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل گروپ کیپٹن طاہر سلطان کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کی تیاریاں جاری ہیں اور ٹورنامنٹ میں شرکت کی انٹری 7 جنوری تک رکھی گئی تھی۔
ٹورنامنٹ میں 24 ملکی اور غیر ملکی مرد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں 9 پاکستانی اور 15 غیرملکی کھلاڑی شامل ہیں۔
پاکستانی کھلاڑیوں میں عاصم خان، طیب اسلم، فراز محمد، فرحان زمان، سعید عبدل،عماد فرید،ظہیر شاہ، دانش اطلس اوراسرار احمد کے علاوہ ملائیشیا، مصر، ہانگ کانگ، سکاٹ لینڈ، کویت ، فرانس اوراٹلی کے کھلاڑی بھی ٹورنامنٹ میں قسمت آزمائی کریں گے۔
ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل مقابلے 5 فروری کو، کوارٹر فائنل 6 فروری، سیمی فائنل مقابلے 7 فروری کو جبکہ فائنل 8 فروری کو کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ میں 20 ہزار ڈالر (تقریباً 30 لاکھ روپے) کی انعامی رقم رکھی گئی ہے اور فائنل کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ یہ ٹورنامنٹ پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیراہتمام اور پاکستان نیوی کے تعاون سے کھیلا جا ئے گا۔