کراچی:: سابق قومی آل راؤنڈر عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ نے ملکی کرکٹ کا معیار پہلے سے کہیں زیادہ بلند کر دیا ہے جس کیلئے وکٹیں بھی معیاری تیار کی جاتی ہیں۔
عبدالرزاق نے دعویٰ کیا کہ پی ایس ایل کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم آئی پی ایل کی بیسٹ الیون کو آسانی سے ہرا دے گی کیونکہ پاکستانی لیگ کا سٹینڈرڈ کافی بہتر ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے میچز زیادہ بہتر وکٹوں پر کھیلے جاتے ہیں جبکہ آئی پی ایل میں وکٹیں مناسب انداز سے تیار نہیں کی جاتیں جن پر گیند نیچی بھی رہتی اور بہت زیادہ ٹرن بھی کرتی ہے۔
بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے امکانات کے بارے میں عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ انہیں مستقبل قریب میں ایسی کوئی امید نہیں لیکن یہ خواب حقیقت کا روپ دھار جائے تو یہ فیصلہ گیم چینجر ثابت ہوگا کیونکہ دیگر بڑی ٹیمیں بھی اس کے بعد پاکستان آنے پر تیار ہو جائیں گی اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا دروازہ مکمل طور پر کھل جائے گا۔