0

پی ایس ایل: دوسروں کی محنت کو سراہیں، علی ظفر ساتھی گلوکاروں کی حمایت میں آگئے

لاہور:: پاکستان کے مشہور گلوکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ ہم ایک خاندان ہیں، پی ایس ایل پر دوسرے ستاروں کی محنت کو بھی سراہنا نہ بھولیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کا آفیشل ترانہ ‘تیار ہیں’ کچھ روز قبل سامنے آیا تھا تو مداحوں کو متاثر کرنے میں بری طرح ناکام رہا۔ اس گانے میں علی عظمت، عاصم اظہر، ہاروں راشد اور عارف لوہار نے پرفارم کیا۔
ترانے کی ریلیز کے فوری بعد سے اسے شائقین کے منفی ریویوز ملے جبکہ مداحوں نے گلوکار علی ظفر کو یاد کرنا شروع کردیا جنہوں نے پی ایس ایل کے ابتدائی تین سیزنز کے ترانے گائے تھے۔

شائقین کے مطابق علی ظفر نے پی ایس ایل کو سب سے بہترین ترانے دیے، جبکہ سیزن 4 سے سامنے آئے گانے متاثر کرنے میں ناکام رہے۔

سیزن 4 کا ترانہ یہ کھیل دیوانوں کا فواد خان نے گایا تھا اور وہ بھی مداحوں کو بہت زیادہ پسند نہیں آیا۔ جب سے پی ایس ایل 5 کا ترانہ ریلیز ہوا، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر علی ظفر کا نام بھی ٹرینڈ کرتا رہا۔
اب علی ظفر نے خود بھی اس ترانے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان جاری کر دیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں علی ظفر نے لکھا کہ میں مداحوں کے پیار اور سپورٹ کے لیے بےحد شکر گزار ہوں، البتہ میں سب سے گزارش کروں گا کہ دوسرے ستاروں کی محنت کو بھی سراہنا نہ بھولیں، ہم سب ایک خاندان کی طرح ہیں، پی ایس ایل کا تعلق پاکستان سے ہے اور ہمارے میوزک کا بھی۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل 5 کی یوٹیوب پر جاری ویڈیو کو اب تک 13 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔ 63 ہزار افراد نے اس گانے کو لائیک کیا جبکہ 44 ہزار نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن 5 کا آغاز رواں سال 20 فروری سے ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں