0

پی آئی سی حملہ کیس: حسان نیازی کی عبوری ضمانت میں 15جنوری تک توسیع

لاہور:: انسداد دہشت گردی عدالت نے پی آئی حملہ کیس میں حسان نیازی کی عبوری ضمانت میں 15 جنوری تک توسیع کر دی ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم کے بھانجے حسان نیازی سمیت 10 ملزمان وکلا کی عبوری درخواست ضمانت پر انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں سماعت ہوئی۔

عدالت نے حسان نیازی کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے ان کے فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانے کا بھی حکم دیا۔ عدالت نے حسان نیازی سمیت 10 وکلا کی عبوری ضمانت میں 15 جنوری تک توسیع کر دی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے پی آئی سی ہنگامہ آرائی کیس میں وزیراعظم عمران خان کے بھانجے سمیت دیگر وکلا کی عبوری ضمانتیں 6 جنوری تک منظور کی تھیں۔

حسان نیازی پی آئی سی ہنگامہ ارائی کیس میں عبوی ضمانت میں توسیع کے لیے انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت پیش ہوئے، تاہم تاخیر سے پہنچنے پر عدالت نے ان کی عبوری ضمانت خارج کر دی جس پر انہوں نے دوبارہ ضمانت کی درخواست دائر کی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں مذہبی جماعتوں کی پیشی کے باعث پہنچنے میں تاخیر ہوئی جبکہ پی آئی سی واقعے میں کسی شخص کو اشتعال دلایا اور نہ ہی حملہ کیا، لہذا عدالت عبوری ضمانت منظور کرے۔ ضمانتیں منظور ہونے والے دیگر وکلا میں اسامہ معاذ، عبدالرحمن بٹ، رانا عدیل، عمر غوری، چودھری مزمل ودیگر شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں