لاہور:: پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران مہمان ٹیم 233 رنز پر ڈھیر ہو گئی، شاہین شاہ آفریدی نے 4 ، محمد عباس، حارث سہیل نے 2.2 جبکہ نسیم شاہ ایک وکٹ حاصل کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے راولپنڈی میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کو ترجیح دی۔
مہمان ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز تمیم اقبال اور سیف حسن نے کیا، بنگال ٹائیگر کا آغاز اچھا نہ تھا، قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں سیف حسن کو پویلین بھیج دیا۔ بیٹسمین دو گیندوں پر صفر رنز بنا کر سلپ میں موجود اسد شفیق کو کیچ دے بیٹھے۔
بنگلا دیش کو دوسرا نقصان تمیم اقبال کی شکل میں اٹھانا پڑا جب اننگز کے دوسرے اوورز میں فاسٹ باؤلر محمد عباس نے حریف سینئر بیٹسمین کو 3 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔
یاد رہے کہ بنگلا دیش کے سینئر بیٹسمین تمیم اقبال گزشتہ ہفتے اپنے ملکی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے دوران ٹرپل سنچری کھیل کر آئے تھے جس کے بعد ان کی غیر ذمہ دارانہ ایل بی ڈبلیو ہونے کے انداز پر سب نے ان پر تنقید کر ڈالی۔
ون ڈاؤن بیٹسمین نجم الحسن شانتو اور کپتان مومن الحق نے اس دوران سکور کو آگے بڑھایا، دونوں کے درمیان ففٹی رنز کی شراکت داری بھی بنی۔ تاہم شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر حریف کپتان 59 گیندوں پر 30 رنز بنا کر وکٹ کیپر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔
95 کے مجموعی سکور پر نجم الحسن شانتو 110 گیندوں پر 44 رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بن گئے، وکٹ کے عقب میں محمد رضوان نے کیچ تھاما۔
میچ کے دوران کھیل کو اس وقت روکنا پڑ گیا جب راولپنڈی میں ہونے والی پتنگ بازی کے باعث ایک پتنگ کٹ کر گراؤنڈ میں آ گری جس کا فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے پکڑا اور پتنگ انتظامیہ کے حوالے کی۔
اس پاکستان کرکٹ بورڈ نے سماجی رابطے ویب کی سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ کیا نسیم شاہ پتنگ اُڑانا جانتے ہیں، آپ کیا سوچتے ہیں؟
سینئر بیٹسمین محمود اللہ اور محمد مٹھن نے اننگز کا سکور آگے بڑھایا، اس دوران دونوں بیٹسمینوں نے چند خوبصورت شارٹس کھیلے تاہم محمود اللہ 25 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے، سلپ میں موجود اسد شفیق نے شاندار کیچ تھاما۔
محمد مٹھن اور لٹن داس نے بھی مزاحمتی اننگز کھیلی اور کچھوے کی طرح چال چلتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا ۔ دونوں کے درمیان ففٹی رنز کی بھی پارٹنر شپ بنی۔ لٹن داس 46 گیندوں پر 33 رنز بنا کر پارٹ ٹائم فاسٹ باؤلر حارث سہیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
تیج الاسلام اور محمد مٹھن کے درمیان بھی ففٹی رنز کی شراکت داری بنی، دونوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا، تاہم تیج الاسلام حارث سہیل کی گیند پر یاسر شاہ کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 72 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔ روبیل حسین ایک رن بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
233 کے مجموعی سکور پر فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے مزاحمتی اننگز کھیلنے والے بیٹسمین محمد مٹھن کو پویلین بھیجا، مہمان بیٹسمین نے 140 گیندوں پر 63 رنز کی باری کھیلی، وکٹ کے عقب میں محمد رضوان نے کیچ تھاما۔
مہمان ٹیم 233 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ قومی ٹیم کی طرف سے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے چار شکار کیے جبکہ محمد عباس، حارث سہیل نے 2.2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
آج راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز کے دوران چند اہم شخصیات نے بھی میچ دیکھا، میچ دیکھنے والوں میں قومی ٹیم کے تین سابق کپتان جاوید برکی، مشتاق محمد اور ماجد خان شامل تھے۔