0

پاک بنگلہ دیش میچ، راولپنڈی پولیس کا سیکورٹی پلان جاری، 5 ہزار اہلکار فرائض انجام دیں گے

راولپنڈی:: پاک بنگلہ دیش کرکٹ میچ کیلئے راولپنڈی پولیس نے سیکورٹی پلان جاری کر دیا، حفاظتی انتظامات کے تحت 5000 کے قریب افسران و ملازمان سیکورٹی پر تعینات ہوں گے جن میں ایلیٹ فورس، محافظ سکواڈ ور لیڈیز پولیس بھی شامل ہوں گی، میچ سے پہلے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جائے گا، سیکورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے

پولیس نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان بنگلہ دیش ٹیسٹ میچ کے سیکورٹی انتظامات کا پلان جاری کردیا جس کے مطابق 5000 کے قریب افسران و ملازمین میچ کے پانچوں دن سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے، میچ کے علاوہ ٹیموں کے پریکٹس سیشن اور آمد ورفت کیلئے بھی سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

شائقین کرکٹ مخصوص راستوں سے گزر کر سٹیڈیم میں داخل ہوسکیں گے، شائقین کرکٹ کو واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈیٹیکٹر سے چیک کرنے کے علاوہ فزیکل چیکنگ کے مراحل سے بھی گزرنا ہوگا، خواتین کی چیکنگ کیلئے لیڈیز پولیس کو تعینات کیا گیا ہے، سیکورٹی کے پلان کے مطابق سٹیڈیم کے اطراف اور روٹ پر روف ٹاپ پر ماہر نشانہ باز سنائپرز کو تعینات کیا جائے گا، سیکورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے تمام افسران اپنے ماتحت سٹاف کو وقتاًفوقتاً چیک اور بریف کرتے رہیں گے۔

شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی کے انتظامات متعلقہ اضلاع کی ذمہ داری ہو گی جو راولپنڈی میں داخل ہونے والی گاڑیوں اور اشخاص کو چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دیں گے، ڈیوٹی پر مامور افسران و ملازمین کو وقت سے پہلے ڈیوٹی پوائنٹ پر رپورٹ کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں