لاہور:: پاکستان بھر میں کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد 10076 ہو چکی ہے جبکہ 212 افراد اس موذی مرض میں مبتلا ہو کر اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق اب تک ملک بھر میں 118020 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 5637 افراد کا طبی معائنہ کیا گیا، 327 نئے کیس سامنے آئے جبکہ 3 اموات رپورٹ ہوئیں۔
صوبہ پنجاب کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں روز بروز اس مرض میں مبتلا افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ صوبے بھر میں کورونا وائرس کے 4328 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔
دیگر صوبوں کی بات کی جائے تو صوبہ سندھ میں 3373، اسلام آباد میں 194، بلوچستان میں 495، خیبر پختونخوا میں 1345، گلگت بلتستان میں 290 جبکہ آزاد کشمیر میں 51 کنفرم مریض ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق صوبہ سندھ میں 69، صوبہ پنجاب میں 51، اسلام آباد میں 3، بلوچستان میں 6، خیبر پختونخوا میں 80 اور گلگت بلتستان میں 3 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں تاہم آزاد کشمیر سے ابھی تک ہوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
صوبہ پنجاب کی صورتحال
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 4328 تک پہنچ گئی ہے۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق زائرین سینٹر سے 768، رائے ونڈ سے منسلک 1883 افراد، 1683 عام شہری اور 97 قیدی اس وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
صوبہ سندھ کی صورتحال
صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 320 کیسز اور 3 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ اس وبا میں مبتلا افراد کی 3 ہزار 373 تک پہنچ چکی ہے۔ صوبے میں ٹیسٹ کیے گئے افراد کی تعداد کی تعداد 30 ہزار 346 ہو گئی ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید تین افراد کا انتقال ہوا جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 69 ہو گئی ہے۔ صوبے میں صحت یاب افراد کی تعداد 715 ہو چکی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 50 افراد صحتیاب ہوئے۔
اسلام آباد کی صورتحال
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 9 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 194 تک پہنچ گئی ہے۔

