لاہور:: پاکستان میں پہلی بار ہونے والے کبڈی کے سب سے بڑے مقابلے ورلڈ کپ کے لئے تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ 10 ٹیموں کے درمیان ورلڈ چیمپئن بننے کا یہ میلہ 9 فروری سے شروع ہو رہا ہے۔
پنجاب کا ثقافتی کھیل کبڈی دنیا بھر کے پہلوانوں کے ساتھ اب پہلی بار پاکستان میں اپنا جادو دکھانے کو بے تاب ہے۔ اس سے پہلے بھارت ہی کبڈی ورلڈ کپ کی میزبانی کرتا رہا ہے اور اب پاکستان نے مہمان نوازی کرنا ہے، وہ بھی بھارت سمیت 9 ممالک سے آئے پہلوانوں کی۔ صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن چوہدری شافع حسین کا کہنا ہے کہ مقابلے پنجاب کے تین شہروں میں کھیلے جائیں گے۔
کبڈی ورلڈ کپ کے لئے ٹیمیں 7 فروری سے پاکستان کے دل لاہور پہنچیں گی۔ کبڈی ورلڈ کپ کا شاندار آغاز 9 فروری کے دن رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے پنجاب اسٹیڈیم میں ہو گا جہاں کھلاڑیوں اور شائقین کو خوش آمدید کہا جائے گا۔
صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی کا کہنا ہے کہ کھیل کے ساتھ ساتھ یہ میلہ پاکستان کی ثقافت اور سیاحت کا سفیر بھی بنے گا۔ شائقین کے اعتبار سے پاکستان میں کرکٹ کے ساتھ کوئی کھیل مقابلہ کرتا ہے تو وہ کبڈی ہے اور شہریوں کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ میچز کے لئے ٹکٹوں کی فروخت 3 فروری سے شروع ہو جائے گی۔ کبڈی ورلڈ کپ کے تمام میچز لائیو براڈ کاسٹ کے ساتھ انٹرنیٹ سٹریم بھی ہونگے۔