اسلام آباد:: برطانیہ نے پاکستان کو محفوظ ملک اور امن وامان کی صورتحال بہتر قرار دیتے ہوئے سفری ایڈوائزری تبدیل کر دی ہے۔ برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ گزرے پانچ سال کے دوران امن کی بحالی حکومتی کاوششوں کا نتیجہ ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے سفری ایڈوائزری تبدیل کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو قراقرم ہائی وے پر سفر کے لیے بابوسر پاس کا راستہ استعمال کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔
ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اس کے علاوہ چترال اور کیلاش وادی جانے پر بھی کوئی پابندی نہیں ہے تاہم کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شہروں میں سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ تمام تبدیلیاں سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کی گئیں۔ 2015ء کے بعد پہلی بار ٹریول ایڈوائزری میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔