0

پاکستان سے مقبوضہ کشمیر میں جہاد کی باتیں کرنے والے کشمیریوں سے دشمنی کررہے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان سے مقبوضہ کشمیر میں جہاد کی باتیں کرنے والے کشمیریوں سے دشمنی کررہے ہیں۔
یوم سیاہ کشمیر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر بھارتی وزیراعظم اقوام متحدہ گئے اور اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جو انہیں آج تک نہیں ملا، کشمیریوں سے جھوٹے وعدے کیے گئے اور دھاندلی سے انتخابات کرائے گئے، اس آزادی کی تحریک میں اب تک ایک لاکھ کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 5 اگست کو مودی نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگادیا اور ہمیں نہیں پتا کہ اس وقت وہاں کیا حالات ہیں ، مودی نے کہا وہ کشمیر کی خوشحالی کے لیے سب کچھ کر رہے ہیں اگر نریندرمودی سمجھتے ہیں کہ یہ کشمیریوں کی خوشحالی کے لیے ہے تو وہ ریفرنڈم کرادیں پتا چل جائے گا کہ کشمیری کہاں کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں کشمیر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں مودی کی جماعت بی جے پی کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ وہاں تمام سیاسی جماعتوں نے بلدیاتی الیکشن کا بائیکاٹ کیا تھا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو پیغام ہے کہ سارا پاکستان آپ کے ساتھ ہے اور ہم ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑے رہیں گے جب کہ میں کشمیریوں کا سفیر ہوں، آپ کا وکیل اور ترجمان بھی بنوں گا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کشمیر میں جہاد شروع کرنے کی باتیں کرتے ہیں، جو لوگ یہ باتیں کر رہے ہیں وہ پاکستان اور کشمیریوں سے دشمنی کر رہے ہیں، اور یہی ہندوستان چاہتا ہے، مودی نے 9 لاکھ فوج کشمیریوں کو دبانے کے لیے رکھی ہوئی ہے جب کہ ہوسکتا ہے ہندوستان خود مقبوضہ کشمیر میں کوئی کارروائی کرا دے اوراس کا الزام پھر پاکستان پر لگادے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے کشمیریوں کی سفارتی و اخلاقی مدد کرنی ہے، کشمیر کی تحریک سیاسی ہے اور اس تحریک کو اب کوئی بھی نہیں روک سکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں