0

پاکستان سپر لیگ 2020ء کے لیے میچز آفیشلز کا اعلان

لاہور:: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 2020ء کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 20 فروری سے 22 مارچ تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں رچرڈ ایلنگ ورتھ اور فیصل خان آفریدی امپائرنگ کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ 34 میچز پر مشتمل ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

سری لنکا کے روشن ماہانامہ ایونٹ کے افتتاحی میچ کے ریفری جبکہ آصف یعقوب تھرڈ اور سیّد امتیاز اقبال فورتھ امپائر ہوں گے۔

رچرڈ ایلنگ ورتھ سمیت تین غیر ملکی امپائرز چار مختلف شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں شیڈول 34 روزہ ایونٹ میں امپائرنگ کریں گے۔

سری لنکا کے رینمور مارٹینیز ایونٹ کے تیسرے میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے، لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

ابتدائی طور پر نو میچز کے لیے پی ایس ایل کے لیے امپائرنگ پینل کا حصہ بننے والے مائیکل گف 6 مارچ کو کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ سے ایونٹ میں اپنے سفر کا آغاز کریں گے۔

تین مرتبہ آئی سی سی امپائرز آف دی ایئر کا اعزاز جیتنے والیے علیم ڈار بھی پی ایس ایل 5 کا حصہ ہوں گے وہ بین الاقوامی کرکٹ کی مصروفیت کے باعث گزشتہ ایڈیشنل میں شرکت نہیں کر سکے تھے، علیم ڈار 10، 11 اور 15 مارچ کو شیڈول میچز میں امپائرنگ کریں گے۔

15 امپائرز پر مشتمل فہرست میں پانچ نئے چہرے پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا حصہ بنے ہیں، اسلم بڑیچ، ماجد حسین، ثاقب خان اور سیّد امتیاز اقبال ٹورنامنٹ میں فورتھ فرائض انجام دیں گے۔

ابتدائی طور پر لیگ کے 30 میچز کے لیے اعلان کردہ آن فیلڈز امپائرز میں علیم ڈار، احسن رضا، رچرڈ ایلنگ ورتھ، مائیکل گف، رینمور مارٹینیز، آصف یعقوب، فیصل خان آفریدی، راشد ریاض، شوزب رضا اور طارق رشید کے نام شامل ہیں۔

ایونٹ کے دوران روشن ماہانامہ، محمد انیس، جاوید ملک اور عزیز الرحمن میچ ریفریز ہوں گے، کوالیفائر، دو ایلیمنٹرز اور ایونٹ کے فائنل کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں