لاہور:: لاہور میں آج پھر ٹی 20 کا معرکہ لڑا جائے گا، بنگال ٹائیگرز کو کم بیک کا چیلنج درپیش ہے تو پاکستان کو نمبر ون کا، دونوں ٹیمیں آج خوب زور لگائیں گی۔
قذافی اسٹیڈیم میں آج پھر چوکوں چھکوں کی برسات، تیسرے ٹی 20 میں پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیمیں ٹکرائیں گی، پاکستان ٹی ٹونٹی ریکنگ میں پہلی پوزیشن پر ہے جسے برقرار رکھنے کیلئے واحد آپشن کلین سویپ ہے۔ دوسری جانب بنگلا دیش 9ویں پوزیشن پر ہے، اگر بنگال ٹائیگرز آج کا میچ جیت جاتے ہیں تو پاکستان سے پہلی پوزیشن چھن جائے گی اور آسٹریلیا پہلی پوزیشن حاصل کر لے گا۔
قومی سکواڈ میں 2 تبدیلیوں کا امکان ہے، عماد وسیم کی جگہ عماد بٹ، حارث روف کی جگہ عثمان قادر کو کھلانے پر غور کیا جا رہا ہے، قومی ٹیم کی امیدوں کے محور کپتان بابر اعظم، آل راونڈر شعیب ملک، احسان علی اور محمد حفیظ ہوں گے جبکہ باولنگ میں شاہین آفریدی، حارث روف، محمد حسنین، اور شاداب خان پر بھروسہ کیا جائے گا۔
قومی شاہین سیریز تو نام کر چکے، بنگالی کھلاڑیوں نے بھی کم بیک پر نظریں جما لیں، واحد فتح کے ساتھ وطن واپس جانے کی خواہشمند مہمان ٹیم کو سیریز کے دوسرے ٹی 20 میں نو جبکہ پہلے میچ میں پانچ وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔