اسلام آباد:: معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن نے متفقہ طور پر چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کے ناموں کی منظوری دی، اب پارلیمنٹ اپنا حقیقی اور جمہوری کردار ادا کرنے جا رہی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اب پارلیمنٹ میں مفاہمتی عمل آگے بڑھے گا جو عوام کو ریلیف دینے کا باعث بنے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مفاہمت کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اپوزیشن اور حکومت نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور متفقہ طور پر چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کے ناموں کی منظوری دی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم ڈیووس کا انتہائی اہم دورہ کررہے ہیں۔ ان کی جانب سے ورلڈ اکنامک فورم میں کشمیر کا مسئلہ اجاگر کیا جائے گا جبکہ وہ عالمی رہنماؤں کو بھارتی ریاستی دہشت گردی سے آگاہ کریں گے۔
انہوں نے کہ ماضی میں چھوٹے تاجرکے تحفظات پر کسی نے توجہ نہیں دی گئی، ان کے لیے این او سی لینا بڑا مشکل مرحلہ تھا لیکن اب وزیراعظم سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔