لاہور:: پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا گیا ہے، آئی سی سی میچ ریفریز کے ایلیٹ پینل میں شامل سینئر رکن رنجن مدوگالے سیریز میں شامل تینوں میچز میں ریفری کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ وہ 14 سال بعد پاکستان میں دوبارہ ذمہ داریاں نبھانے آئیں گے۔
قومی امپائر احسن رضا اور شوزب رضا کو آن فیلڈ امپائرز جبکہ احمد شہاب کو تھرڈ اپمائر اور اور طارق رشید کو فورتھ ا مپائر مقرر کیا گیا ہے دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے تین میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
رنجن مدوگالے سے قبل ڈیوڈ بون (ویسٹ انڈیز ٹی ٹونٹی سیریز، سری لنکا ٹی ٹونٹی اور ایک روزہ سیریز)، جیف کرو (سری لنکا کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ) اینڈی پائی کرافٹ (سری لنکا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ) اور رچی رچرڈسن (ورلڈ الیون) نے حالیہ چند ماہ میں آئی سی سی میچ ریفری کی حیثیت سے پاکستان میں فرائض انجام دیئے۔
رنجن مدوگالے اس سے قبل بطور ریفری آخری مرتبہ جنوری 2006ء میں پاکستان اور بھارت کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ذمہ داریاں نبھانے پاکستان آئے تھے۔
102 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں ریفری کے فرائض انجام دینے والے 60 سالہ رنجن مدو گالے نے بطور ریفری 27 سال قبل پاکستان میں ہی ڈیبیو کیا تھا، دسمبر 1993ء میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ٹیسٹ میچ میں پہلی مرتبہ ریفری کی ذمہ داریاں نبھانے والے رنجن مدوگالے نے ایک روزہ ڈیبیو بھی اسی ماہ کیا تھا۔
مدوگالے نے اس سے قبل پاکستان میں کسی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں ذمہ داری کے فرائض انجام دیئے تاہم وہ پاکستان میں کھیلی گئی 5 سیریز کے 15 ٹیسٹ اور آئی سی سی ورلڈکپ 1996ء کے 6 میچز سمیت کل 20 ایک روزہ میچز میں ریفری کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
میچ ریفری کی حیثیت سے تعیناتی سے قبل رنجن مدو گالے سری لنکا کی جانب سے 21 ٹیسٹ میچز اور 63 ایک روزہ میچز میں شرکت کر چکے ہیں، اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران رنجن مدوگالے 2 ٹیسٹ اور 13 ایک روزہ میچز میں سری لنکا کرکٹ ٹیم کی کپتانی بھی کر چکے ہیں۔