0

ٹی ٹوئنٹی رینکنگ: بابراعظم کی سرفہرست پوزیشن بدستور برقرار

دبئی:: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم کی سرفہرست پوزیشن بدستور برقرار ہے تاہم انگلش کپتان اوئن مورگن نے دس بہترین بیٹسمینوں اور جنوبی افریقی اسپنر تبریز شمسی نے ٹاپ ٹین بالرز میں شمولیت ممکن بنا لی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد آئی سی سی نے مختصر فارمیٹ کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کر دی جس میں پاکستان کے بابراعظم، بھارت کے لوکیش راہول اور آسٹریلین کپتان آرون فنچ ابتدائی تین پوزیشنوں پر فائز ہیں۔ انگلش کپتان اوئن مورگن نے دو نصف سنچریوں سمیت 136 رنز بنا کر بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور ان کے ڈپٹی روہیت شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نویں پوزیشن پر قبضہ جما لیا جبکہ ان کے پروٹیز ہم منصب کوئنٹن ڈی کوک دس درجے بہتری کے بعد 16 ویں نمبر پر جا پہنچے۔

جنوبی افریقہ کے ٹیمبا بفوما نے 127 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 52 ویں پوزیشن سنبھالی جبکہ انگلینڈ کے جانی بیئراسٹو 23 ویں اور جنوبی افریقہ کے ریسی فان ڈیر ڈوسین بھی کیریئر بیسٹ 37 ویں نمبر پر براجمان ہوئے۔

اگرچہ ڈیوڈ مالان کی ایک درجہ تنزلی ہوئی لیکن وہ چھٹے نمبر پر بہترین رینکنگ کے مالک انگلش بیٹسمین ہیں۔ بالنگ کے شعبے میں افغانستان کے راشد خان کی ٹاپ پوزیشن برقرار ہے لیکن جنوبی افریقہ کے بائیں ہاتھ کے اسپنر تبریز شمسی نے 9 درجے بہتری کے ساتھ ٹاپ ٹین میں آٹھویں پوزیشن پر قبضہ جما لیا جبکہ انگلش لیگ اسپنر عادل رشید نے اینڈائیل پھیلوکوایو کی چھٹی پوزیشن چھین لی۔

انگلینڈ کے ٹام کرن بھی 28 درجے ترقی پا کر ٹاپ 30 میں شامل ہوئے۔ آل راؤنڈرز کی فہرست میں افغانستان کے محمد نبی سرفہرست ہیں جہاں 39 درجے بہتری کے بعد جنوبی افریقہ کے ڈوین پریٹوریس نے 46 ویں پوزیشن حاصل کی جبکہ انگلینڈ کے بین اسٹوکس کیریئر بیسٹ 30 ویں نمبر پر براجمان ہو گئے۔
انگلینڈ نے پروٹیز کیخلاف سیریز جیت کر ٹیم رینکنگ میں تیسری پوزیشن قائم رکھی تاہم وہ دوسری پوزیشن پر موجود آسٹریلیا سے دو پوائنٹس اور ٹاپ ٹیم پاکستان سے تین پوائنٹس کے فاصلے پر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں