اسلام آباد:: وفاقی وزارتوں اور اداروں کے انتظامی امور میں بہتری کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیئے گئے، وزیراعظم کی ہدایت پر پی ایم ڈلیوری یونٹ نے مراسلہ جاری کر دیا۔
وزارتوں اور اداروں میں بڑے پیمانے پر فائلوں اور کاغذی ریکارڈ کو آرکائیو کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، 36 ملین اہم دستاویزی ریکارڈ کو جلنے اورخرابی سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کر دی گئی۔
وزیراعظم آفس کا کہنا تھا کہ کابینہ ڈویژن کی خصوصی کمیٹی کاغذی ریکارڈ کومحفوظ بنانے کیلئےفوری اقدامات کرے، ناکارہ گاڑیوں کے نام پر پیٹرول اور مرمتی اخراجات کو بھی روکنے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ محکموں اور اداروں میں 7 ہزار ناکارہ گاڑیوں کو بھی فوری نیلام کیا جائے۔
وزیراعظم آفس کی طرف سے ہدایت کی گئی ہے کہ وزارتوں اور اداروں میں 61 ہزار متروک فرنیچر آئٹمز کو بھی فوری نیلام کیا جائے، 10 لاکھ متفرق آلات، ناکارہ جنریٹرز، کاپی رائٹرز اور فوٹو کاپی مشینیں بھی نیلام کیا جائے۔
وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ تمام ناکارہ اور ناقابل مرمت اشیاء وزارتوں اور اداروں میں بدانتظامی کا باعث ہیں، نیلامی کا عمل مروجہ قانون اور ضابطوں کے مطابق کیا جائے، 90 روز میں کاروائی مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔