آکلینڈ :: نیوزی لینڈ نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں بھارت کو 22 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنائے۔ مارٹن گپٹل 79 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ہینری نکولس 41، ٹام بلنڈل 22، راس ٹیل 73 اور کائل جیمی سن 25 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔
بھارت کی جانب سے یوزویندرا چھاہل سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 58 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شردل ٹھاکر نے 2 اور رویندرا جدیجہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارتی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 48.3 اوورز میں 251 رنز بنا کر ہی آﺅٹ ہو گئی اور یوں نیوزی لینڈ نے 22 رنز سے ناصرف میچ جیت لیا بلکہ سیریز میں بھی 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ بھارت کی جانب سے رویندرا جدیجہ نے سب سے زیادہ 55 رنز بنائے جبکہ پرتھوی شا 24، ویرات کوہلی 15، شریاس ائیر 52، شردل ٹھاکر 18، نوودیپ سائنی 45 اور یوزویندرا چھاہل 10 رنز بنا سکے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے تمام باﺅلرز نے ہی مجموعی طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا البتہ ٹم ساﺅتھی سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 41 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ہرمیش بینٹ، کائل جیمی سن اور کولن ڈی گرینڈ ہوم نے 2,2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ جیمز نیشام نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
نیوزی لینڈ نے اس فتح کیساتھ ہی تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے تاہم دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل 11 فروری کو کھیلا جائے گا۔