یروشلم::: اسرائیل کے اپوزیشن رہنما ژیئر لیپڈ نے کہا ہے کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو فلسطینیوں سے بات چیت کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
تفصیل کے مطابق اسرائیل نے خلیجی عرب ریاستوں متحدہ عرب امارات اور بحرین کے ساتھ تعلقات کے قیام کا فیصلہ تو کر لیا ہے، مگر وزیر اعظم نیتن یاہو فلسطینیوں کے ساتھ امن بات چیت شروع کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
جرمن نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے کے مطابق یہ بات اسرائیلی اپوزیشن رہنما ژیئر لیپڈ نے کہی ہے۔ اسرائیلی اپوزیشن رہنما ژیئر لیپڈ ماضی میں بھی فلسطینیوں کے ساتھ امن بات چیت کی بحالی کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔
ژیئر لیپڈ نے یہ بات امریکی صدر ٹرمپ کی میزبانی میں ہونے والی اس تقریب سے کچھ ہی پہلے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جس میں اسرائیل کے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے ساتھ طے پانے والے دو طرفہ تعلقات کے قیام کے معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

