لاہور:: سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت میں توسیع دینے کے معاملے پر حکومتی اجلاس میں مسلم لیگ ن کے نمائندوں نے شرکت کا اعلان کر دیا، عطا اللہ تارڈ لاہور میں جبکہ ڈاکٹر عدنان لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہو کر نوازشریف کی صحت کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔
نوازشریف کی ضمانت میں توسیع کے معاملے پر حکومتی کمیٹی کا اجلاس آج شام وزیرقانون راجہ بشارت کی صدارت میں ہو گا، اجلاس میں وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم مومن آغا شریک ہوں گے۔
کمیٹی کی جانب سے نوازشریف یا انکے نامزد نمائندوں کو اجلاس میں طلب کیا گیا تھا، گزشتہ روز کم مہلت پرا طلاع کے باعث مسلم لیگ ن کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت سے معذرت کرلی تھی تاہم آج مسلم لیگ ن کے نمائندوں نے اجلاس میں شریک ہونے کا اعلان کیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڈ نے اسمبلی احاطے میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وہ شام چار بجے اجلاس میں شریک ہورہے ہیں جبکہ ڈاکٹر عدنان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوں گے، عطا تارڈ کا کہنا ہےکہ حکومتی کمیٹی کو نوازشریف کی صحت کی تازہ ترین صحت اورمیڈیکل رپورٹس بارے آگاہ کیاجائے گا۔