روالپنڈی:: صوبائی وزیر اطلاعات وکالونیز پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ میاں نوازشریف اپنی پلیٹیں ٹھیک کرانے بیرون ملک چلے گئے
فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے بعد ان کے پیچھے چمچے کرچھے کھڑک رہے ہیں،ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلنے کے بعد آل شریف اور ان کے حواری مختلف حیلوں بہانوں سے سیر سپاٹے اور عیاشیاں کر رہے ہیں،نام نہاد خادم اعلیٰ کا برطانوی صحافی ڈیوڈ روز کے الزامات پر چھ ماہ کے بعد برطانوی عدالت میں جانا کئی سوالوں کو جنم دے رہا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہو ں نے اپنی رہائش گاہ پر سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقات اور حلقے میں استقبالیہ تقاریب کے موقع پر کیا،ـ ان مواقع پر واجد رفیق عباسی،رانا سہیل، راجہ ماجد دھنیا ل سمیت تحریک انصاف کی مقامی قیادت، کارکنان اور معززین علاقہ موجود تھے ، وزیر اطلاعات نے کہا کہ لیگی قائدین اپنے ووٹروں کو ہر روز نت نئے طریقوں سے ورغلا کر اپنی ساکھ برقرار رکھنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، ـ عوام آل شریف کی اپنے دور کی لوٹ مارسے بخوبی آگاہ ہیں، ان کی کسی چال میں نہیں آئیں گے ـ ، بعد ازاں وزیر اطلاعات پی ٹی آئی کے رہنما راجہ سکندر محمود سے ان کے والد کی وفات پر تعزیت کے لئے ان کے گھر گئے