اسلام آباد:: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان میں کوئی کسی کی جیب پر ڈاکہ نہیں ڈال سکتا۔ وہ گھر جو عوام سے لوٹے گئے پیسوں سے بنے ہیں انہیں میں سے ایک مفرور شخص کا گھر کل مستحق لوگوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مخالفین اس وقت پروپیگینڈا کرنے جا رہے ہیں، وہ بس اپنے درد میں مبتلا ہیں، محالفین کو عوام کی نہیں اپنے درد کی فکر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پناہ گاہ بننے سے عام آدمی کو بھی فائیو سٹار گھر میں رہنے کا موقع ملا، وہ گھر جو عوام سے لوٹے گئے پیسوں سے بنے ہیں، ایک مفرور شخص کا گھر کل مستحق لوگوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ اس نئے پاکستان میں قانون آذاد ہے، عدالتیں خواہشات کے تابع نہیں۔ پہلی بار طاقت ور کو پوچھنے والا عمران خان آ گیا ہے۔ یہاں صرف عوام کی حکمرانی ہونی ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کنسٹرکشن انڈسٹری اپنے قدموں پر کھڑی ہو۔ وہ دن دور نہیں جب دیگر محلات تک عوام کی رسائی ہوگی۔ وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ میں عوام کے حقوق کی حفاظت کروں گا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ماضی میں ترقیاتی کاموں میں حکمرانوں نے اپنی جیبیں بھری۔ حکومت کی کوشش ہے کہ 50 لاکھ گھر عوام کو دیے جائیں۔ عمران خان کی اولین ترجیح یہ کہ عوام کو چھت فراہم کریں۔ ملک میں لوٹ گھسوٹ کی وجہ سے مافیا راتوں رات ارب پتی بن گئے۔ نئے پاکستان میں کوئی کسی کی جیب پر ڈاکہ نہیں ڈال سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس کسی بھی ملک کے لئے آکسیجن کا کام کرتا ہے، حکومت پاکستان ہاوسنگ کالونیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ نئے پاکستان میں ہاؤسنگ سکیم کے نام پر کوئی دھوکہ نہیں دے سکتا۔ یہ نیا پاکستان ہے یہاں آپ کا سرمایہ محفوظ ہے۔