لاہور:: موٹر وے زیادتی کیس میں ایک اور گرفتاری، پولیس نے اقبال عرف بالا مستری کو بھی گرفتار کرلیا۔ بالا مستری کو ملزم وقار اور عباس کی نشاندہی پر حراست میں لیا گیا۔ دنیا نیوز نے مرکزی ملزم عابد علی کے ساتھی بالا مستری کی تصویر حاصل کر لی۔
پولیس کے مطابق ملزم واردات کے روز راستے سے واپس چلا گیا تھا، بالا مستری ملزم عابد کے ساتھ متعدد وارداتوں میں ملوث رہا۔
ادھر پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم شفقت علی نے ڈکیتی کے بعد خاتون سے زیادتی کا اعتراف کرلیا جبکہ ملزم کا ڈی این بھی میچ کر گیا۔ پولیس نے گرفتاری ڈال دی، آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتاری دینے والے ملزم وقارالحسن کا ڈی این اے میچ نہیں ہوا، ملزم موقع پر موجو د تھا یا نہیں ابھی تصدیق ہونا بھی باقی ہے، ملزم وقار کی متاثرہ خاتون سے شناخت پریڈ کروائی جائے گی۔ ملزم وقار کے برادر نسبتی عباس نے بھی خود کو شیخوپورہ پولیس کو گرفتاری دے دی۔
دوسری جانب کیس کے مرکزی ملزم عابد علی کا مزید کرمنل ریکارڈ سامنے آیا ہے، ملزم زمین کے قبضہ کی خاطر اپنے ماموں کو بھی قتل کر چکا ہے۔ ملزم عابد علی پر قتل، زیادتی اور وارداتوں سمیت اجتماعی زیادتی کے 8 مقدمات درج ہیں۔