0

ملک میں برفباری اور بارشیں، مختلف حادثات میں 46 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

اسلام آباد:: ملک کے مختلف علاقوں میں برفباری اور بارشوں نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات اور واقعات میں 46 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے، سب سے زیادہ نقصان بلوچستان اور آزاد کشمیر میں ہوا، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

بلوچستان کے دیگر علاقوں میں شدید بارشوں اور برفباری کے باعث 3 روز میں 17 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے۔ کئی مقامات پر چھتیں گرنے کے واقعات بھی پیش آئے۔ نوکنڈی میں ماشکیل کے قریب بھگ ایریا میں انتظامیہ اور ایف سی نے ریسکیو آپریشن کیا۔ بارشوں کے باعث دلدل میں پھنسے 3 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے سے 16 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوگئے، 23عمارتیں اور 3 گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ وادی نیلم میں برفانی تودے کی زد میں آکر 10 افراد لاپتہ ہوئے، جن کی تلاش جاری ہے۔

جھنگ میں بارش سے چھت گر گئی جس میں ایک لڑکی دم توڑ گئی اور 2 افراد زخمی ہوئے۔ خانیوال میں 2 لڑکیاں جاں بحق ہو گئیں۔ سکھر میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بچی جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں مختلف واقعات میں 9 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں