مشہد:: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد امریکا کیساتھ پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کرینگے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایران کے شہر مشہد کے ہوائی اڈے پر پہنچے تو ڈپٹی گورنر جنرل صوبہ خراسان رضاوی محمد صادق, پاکستان کے قونصل جنرل عرفان محمود بخاری اور قونصل خانے کے حکام نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا.
وزیر خارجہ مشہد میں امام رضا علیہ السلام کے روضہ مبارک پر حاضری دیں گے. حاضری کے بعد وزیر خارجہ وفد کے ہمراہ مشہد سے تہران روانہ ہوں گے
خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے ایران پہنچے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے چند روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایران، سعودی عرب اور امریکا کا دورہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کو تو تیار ہے مگر وہ دوبارہ کسی بھی جنگ کا حصہ نہیں بن سکتا۔
اس ہدایت کے بعد وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے اور مشرق وسطی میں کشیدگی کے بعد سفارتی محاذ پر اپنا کردار ادا کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔