Parliment House 0

مسلح افواج سے متعلق سروسز ایکٹ میں ترمیمی بلز آج قومی اسمبلی میں پیش کئے جائیں گے

اسلام آباد:: قائمہ کمیٹی دفاع کی منظوری کے بعد آرمی، نیوی، ایئر فورس ایکٹس میں ترامیم کے بل آج قومی اسمبلی میں پیش کئے جائیں گے۔
سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اہم ترین اجلاس کچھ دیر بعد ہوگا۔ قومی اسمبلی اجلاس کا 17 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا، وزیر دفاع پرویز خٹک آرمی، ایئر فورس، نیوی آرڈیننس میں ترامیم کی تحاریک پیش کرینگے۔ سروسز چیفس کے بارے میں قانون سازی کی علیحدہ علیحدہ منظوری دی جائے گی۔

خیال رہے گزشتہ روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سمیت تینوں مسلح افواج سے متعلق سروسز ایکٹ میں ترمیمی بلز متفقہ طور پر منظور کئے۔

قائمہ کمیٹی دفاع کا اجلاس چیئرمین امجد علی خان کی زیر صدارت ہوا، وزیر دفاع پرویز خٹک سمیت وزارت دفاع کے حکام نے شرکت کی، اجلاس کے دو سیشن ہوئے، پہلے سیشن کا ایجنڈا معمول کے امور پر تھا جبکہ دوسرے سیشن میں آرمی، نیوی اور ایئر فورس ایکٹس میں ترامیم کا معاملہ ان کیمرا زیر بحث آیا۔

وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے تینوں بلوں کے پہلوؤں پر بریفنگ دی جس کے بعد تینوں بل متفقہ طور پر منظور ہوئے۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے متفقہ طور پر بل منظور ہونے پر پوری قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ہم سب کا ملک ہے، فوج کیساتھ تمام جماعتیں اور پورا پاکستان کھڑا ہے۔

وزیر قانون فروغ نسیم نے بتایا کہ اجلاس میں اپوزیشن کی طرف سے ترامیم پیش کی گئیں، اس پر انہیں وضاحت کی کہ اس کیلئے آئین میں ترمیم کرنا ہوگی، اب یہ بل پارلیمنٹ میں جائے گا، اجلاس میں ایک بھی رکن نے مخالفت نہیں کی، اگر بل کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں میں سے کسی کا جائز پوائنٹ ہے تو اس کو لازمی سنیں گے، وزارت قانون تمام جماعتوں کی عزت کرتی ہے، پاکستان کی سکیورٹی اور اداروں کے حوالے سے ترامیم پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

چیئرمین کمیٹی امجد خان نیازی نے کہا ترمیمی بلز متفقہ طور پر منظور کرنے پر تمام جماعتوں کے شکر گزار ہیں، اپوزیشن کی پیش کردہ ترامیم سنی ہیں تاہم وہ مسودہ قانون کا حصہ نہیں، موجودہ صورتحال میں پوری دنیا کو پیغام دیا کہ جہاں قومی مفاد ہوگا وہاں ہم ایک ہیں، ہمارے نظریات مختلف ہو سکتے ہیں، ہر چیز پر سیاست نہیں ہوتی۔

کمیٹی کے حکومتی رکن رمیش کمار نے میڈیا کو بتایا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے بل کی مکمل حمایت کی، اجلاس میں مسلم لیگ ن کی جانب سے محمد خان ڈاھا، ریاض پیرزادہ، اعجاز الحق، پیپلز پارٹی کی جانب سے عامر مگسی، خورشید جونیجو اور آفتاب شعبان میرانی شریک ہوئے جبکہ جے یو آئی (ف) کے رکن صلاح الدین ایوبی نے شرکت نہ کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں