کراچی:: مئیر کراچی وسیم اختر نے ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل میں دکانوں کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھ دیا۔ تقریب میں شدید بدنظمی، دکاندار گھتم گتھا ہو گئے۔
میئر کراچی وسیم اختر کے سنگ بنیاد تقریب میں پہنچنے کے بعد دکانداروں اور آئل ٹینکر ڈرائیورز نے احتجاج شروع کر دیا۔ ڈرائیورز آپس میں ہی لڑ پڑے اور بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔
دکانداروں نے کے ایم سی اور میئروسیم اختر کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ مالکانہ حقوق کے ساتھ دکانیں دی جائیں تاہم کچھ دیربعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا ٹرمنل میں 1521 دکانیں تعمیر کی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں 918 دوکانداروں کو قرعہ اندازی کے ذریعے الائٹمنٹ کر دی گئی۔427 دوکانداروں کو جنہوں نے چالان جمع کئے آج پوزیشن دے دی گئی۔
میئر نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کررہے ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے آرٹیکل 140 اے پر عملدرآمد کیلئے کورٹ سے رجوع کیا جا رہا ہے۔ بلدیاتی اختیارات کیلئے ایم کیو ایم نے وفاقی حکومت سے سپورٹ کا مطالبہ کیا تھا، انہوں نے کہا وفاقی حکومت کی جانب سے ایم کیوایم کے ایک مطالبہ پر عملدرآمد شروع ہوتا نظر آرہا ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے کورٹ سے معاملہ پر رجوع کرنے سے متعلق علم ہوا ہے۔