0

قومی کرکٹر محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ مکمل، رپورٹ چند روز میں آئیگی

لاہور:: قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ مکمل ہو گیا ہے جس کی رپورٹ آئندہ چند روز میں آئے گی۔ ان کے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ لمز میں قائم بائیو مکینک لیب میں ہوا جو آئی سی سی کی منظور شدہ لیب ہے۔

یاد رہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔ ان کے ایکشن کے آزادانہ تجزیے میں اس کے غیر قانونی ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔ بولنگ ایکشن کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق محمد حفیظ کے بازو کا خم 15 ڈگری سے زیادہ ہوتا ہے۔

انگلش کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایکشن کی درستگی تک ای سی بی ایونٹس میں بولنگ نہیں کر سکیں گے۔

پابندی کے بعد اپنے بیان میں محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ وہ آئی سی سی سے منظور شدہ کسی بھی سینٹر میں باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ کیلئے تیار ہیں۔ چند خامیوں کی نشاندہی کے باوجود ریویو گروپ کی فائنڈنگ کو تسلیم کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ای سی بی باؤَلنگ ریویو گروپ کی سفارشات سے میری عالمی ساکھ کو نقصان پہنچا۔ باؤلنگ ایکشن جانچنے کے طریقہ کار میں کچھ خامیاں ہیں۔ آئی سی سی کے زیر اہتمام باوَلنگ ایکشن کے آزادانہ تجزیے کے لیے تیار ہوں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل دو بار محمد حفیظ کے ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنے ایکشن میں تبدیلی لاتے ہوئے اس خامی کو دور کیا تھا۔

انگلینڈ میں لگنے والی پابندی صرف وہی تک محدود ہے۔ اگر انٹرنیشنل کرکٹ میں دوبارہ چیز نظر آتی ہے تو محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن پر ایک مرتبہ پھر پابندی لگ سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں