لاہور:: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جو کچرا نہیں اُٹھا سکتے وہ ملک کی معیشت، ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دیں گے؟
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب کے ذہن میں ضد، تکبر، حسد، انتقام، جھوٹ کا کچرا بھرا ہوا ہے۔ شہباز شریف نے پنجاب کو 6000 میگاواٹ بجلی کے منصوبے دئیے، یہ بجلی آج پورا پاکستان استعمال کر رہا ہے اور عمران مافیا کی اٹھارہ ماہ میں کارکردگی صرف کچرے کا ڈھیر ہے۔
انہوں نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو کچرا نہیں اُٹھا سکتے وہ ملک کی معیشت کیا خاک ٹھیک کریں گے؟ جو کچرا نہیں اُٹھا سکتے وہ ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر دیں گے؟ جو کچرا نہیں اُٹھا سکتے وہ کاروبار اور روزگار دیں گے؟
انہوں نے لکھا کہ عمران مافیا نے ملک کی معیشت، کاروبار اور روزگار سب کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا ہے۔ شہباز شریف نے پنجاب کو سڑکیں، موٹر ویز، میٹروز، اورنج ٹرین، ہسپتال، سکول، کالج ، یونیورسٹیاں دیں اور عمران مافیا نے اٹھارہ ماہ میں سب کچرے کا ڈھیر بنا دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے دن رات محنت کرکے لاہور میں ایک ایک منصوبہ لگایا ،اسے پھولوں کا شہر بنایا جسے عمران مافیا نے کچرے کا ڈھیر بنا دیا۔