اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی برادری کی بڑھتی ہوئی تشویش کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی برادری کے ردعمل اور تشویش کا خیر مقدم کرتے ہوئے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی رہنماؤں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریز اور اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق میشیل باچلیٹ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں چھ ہفتے سے جاری کرفیو کو ختم کیا جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی برداری کو مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے بہیمانہ مظالم اور بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے لاتعلق نہیں رہنا چاہیے۔
عمران خان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے مطالبہ کیا کہ اب عمل کا وقت آگیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے فوری طور پر غیر جانبدار انکوائری کمیشن بنایا جائے۔ عمران خان نے کہا کہ خود اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے اپنی گزشتہ 2 رپورٹس میں ایسا تحقیقاتی کمیشن بنانے کی سفارش کی تھی۔