لاہور:: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جڑانوالہ میں آٹے کے سیل پوائنٹ کا اچانک دور ہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔ شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے او ایس ڈی کر دیا گیا۔
اس موقع پر عثمان بزدار نے شہریوں سے آٹے کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے بعض شہریوں کی جانب سے آٹے کی کم دستیابی کی شکایت پر ایکشن لیا اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے او ایس ڈی کر دیا جبکہ اسٹنٹ فوڈ کنٹرولر جمیل گجر کو معطل کر دیا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے پاس وافر گندم موجود ہے۔آٹے کی قلت کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔ عوام سے ہوں اور عوام کو آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے فیلڈ میں نکلا ہوں۔
انہوں نے شہر میں آٹے کے سیل پوائنٹس میں اضافہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مختلف شہروں کے دورے کرکے آٹے کی صورتحال کا جائزہ لیتا رہوں گا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تھانہ سٹی جڑانوالہ کا بھی اچانک دورہ کیا اور حوالات میں بند ملزموں سے ان کے مسائل پوچھے۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ تھانے میں صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے۔ حوالات میں بند ملزموں کو وہ سہولتیں ملنی چاہیں جو ان کا حق ہے۔ وزیراعلی نے ملزمان کی شکایات پر ایس ایچ او تھانہ سٹی جڑانوالہ کو بھی معطل کردیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال جڑانوالہ کا بھی اچانک دورہ کیا اور ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں۔