لاہور:: پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے صحافی عزیز میمن قتل کیس میں بلاول بھٹو کو شامل تفتیش کر کے غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔ کہتے ہیں مولانا فضل الرحمن کو دھرنے کا بخار چڑھا ہے لیکن وہ سن لیں حکومت اپنی مدت پوری کرے گی. بلاول بھٹو کرائے کے بندوں پر سیاست چلا رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے پیچھے وردی ہے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پی ایس ایل کے انعقاد پر پاک فوج، سکیورٹی فورسز اور عوام مبارکباد کے مستحق ہیں، انہوں نے قربانیاں دے کر امن کی فضاء قائم کی۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کو ایک بار پھر دھرنے کا بخار چڑھا ہوا ہے، مولانا سن لیں حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، پہلے بھی کہا تھا کہ مولانا ناکامی پر غزلیں ہی سنیں گے۔
فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو اور شریف خاندان سیاسی طور پر یتیم ہو چکے ہیں، بلاول کرائے کے بندوں سے سیاست کر رہے ہیں۔ کرائے کے جیالوں کو بےنقاب کرنے پر صحافی غزیز میمن کو قتل کیا گیا، غیر جانبدار تحقیقات کے لئے بلاول بھٹو کو شامل تفتیش کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا لیگی قیادت کا رونا دھونا جاری رہے گا، مسز شریف کو لندن بلا کر آل شریف نے پیغام دیا کہ اب انہوں نے وآپس نہیں آنا۔