لاہور:: شیخ رشید نے کہا ہے کہ بہت سی افواہیں چل رہی ہیں لیکن کچھ نہیں ہوگا، شہباز شریف اور مریم نواز کے 2 نئے کیسز آنے والے ہیں، نواز شریف کو واپس آنے میں کوئی دلچسپی نہیں، پہلے ہی کہا تھا نواز شریف باہر جا رہے ہیں، زرداری بھی جیل سے نکلیں گے۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا نیب آرڈیننس پر بھی چلمن کے پیچھے تعاون جاری ہےِ، امید ہے الیکشن کمشنر کا معاملہ بھی اتفاق رائے سے حل ہوگا۔ انہوں نے کہا عمران خان کےساتھ، ان کا اتحادی ہوں، تحریک انصاف کا رکن نہیں ہوں، مسائل ہیں، مہنگائی ہے، لیکن عمران خان کے علاوہ کوئی متبادل نہیں، عوام سے کہتا ہوں ڈیڑھ سال کا اور وقت دیں، عمران خان کے ساتھ سائے کی طرح کھڑا ہوں، جب تک عمران خان عثمان بزدار کے ساتھ ہیں، میں ان کے ساتھ ہوں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا سمجھتا ہوں کشمیر کے مسئلے پر ہم نے کمزوری دکھائی، مسئلہ کشمیر پر پاکستانیوں نے تاریخی ردعمل دیا، پاکستان نے امریکا ایران چپقلش میں بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، شام، لیبیا اور یمن سے پھیلتی ہوئی جنگ بڑھتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ریلوے کے محکمے میں مارچ میں ایک لاکھ نوکریاں نکلیں گی، مارچ میں ریلوے میں بڑی تعداد میں لوگ ریٹائرڈ ہوں گے، سی پیک کا پی سی ون اکتوبر کو جمع کرا دیا، مارچ سے پہلے منظوری ہو جائے گی، 24 کروڑ ڈالر 10 سال کے عرصےمیں واپس ہوں گے۔