0

شہباز تتلا اغوا کیس: پولیس نے لاش کی تلاش کیلئے غوطہ خوروں کی مدد مانگ لی

لاہور:: زیر حراست اسد بھٹی نے شہباز تتلا لاش کو نالے یا نہر میں پھینکنے کا اشارہ دیا جس کے بعد پولیس نے غوطہ خوروں کی مدد مانگ لی ہے۔

تفصیل کے مطابق شہباز تتلہ اغوا کیس کی تفتیش جاری ہے۔ ایس ایس پی مفخر عدیل کے قریبی دوست اسد بھٹی کے ایک اور بیان کے بعد نیا موڑ آ گیا ہے۔

اسد بھٹی نے لاش کو ٹھکانے لگانے کیلئے فیصل ٹاؤن نالے یا نہر میں پھینکنے کا اشارہ دیا ہے۔ پولیس کی تفتیشی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ کے غوطہ خوروں کی مدد مانگ لی ہے۔ غوطہ خور فیصل ٹاؤن نالے اور نہر میں سرچ آپریشن کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اسد بھٹی نے ممکنہ طور پر لاش کو نہر یا نالے میں پھینکنے کا اشارہ دیا تو تفتیشی ٹیم کے ڈی ایس پیز نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزموں کے موقع پر پہنچنے کی فوٹیجز دیکھی۔ جس کے بعد لاش کو تلاش کرنے کے لئے غوطہ خوروں کی مدد طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

دوسری جانب پولیس نے لاش کو تحلیل کرنے کے بیان پر اس کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔ پولیس نے بکرے کے ہڈی والے گوشت کو تیزاب میں ڈالے رکھا اور مشاہدہ کیا کہ گوشت کتنی دیر میں گلتا ہے۔ تفتیشی ٹیم نے کیمیکل مارکیٹ سے ایک ہفتے میں فروخت کیے جانے والے زیادہ مقدار میں تیزاب کا ڈیٹا اکٹھا کیا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے گھر کی نالی سے جو سیمپل اکٹھے کئے، اس سے ڈی این اے ٹیسٹ بھی کئے جا رہے ہیں۔ ٹیسٹ رپورٹ جلد حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ کنفرم ہو سکے کہ اسد بھٹی کے بیانات میں صداقت ہے یا نہیں؟

ایس ایس پی مفخر عدیل کا سراغ لگانے میں پولیس تاحال ناکام ہے۔ قریبی دوستوں کو شامل تفتیش کرنے سے بھی کوئی خاطر خواہ معلومات نہیں مل سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں