لاہور:: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے رنگ گورا کرنے کی خواہشمند لڑکیوں کے نام پیغام دے دیا۔
شنیرا اکرم نے اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر ایک طویل پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ گندمی رنگ رکھنے والے لڑکیوں کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ گوری ہوجائیں، میں آپ تمام لڑکیوں کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ مجھ سمیت بے شمار گوری رنگت رکھنے والی لڑکیوں کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ ان کا رنگ آپ کی طرح گندمی ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ سے ہی سنا ہے کہ گندمی رنگ پرکشش ہوتا ہے اور میں نے اپنے اس سفید رنگ کو گندمی رنگ میں تبدیل کرانے کے لیے کیا کچھ نہیں کیا۔جب میں بڑی ہورہی تھی تو میں اپنے چہرے اور جسم پر نقصان دہ تیل لگا کر سورج کی تیز شعاعوں کے نیچے لیٹتی تھی تاکہ میرا رنگ گندمی ہو جائے۔
وسیم اکرم کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ ہم کئی گھنٹے مصنوعی سورج کی روشنی کے نیچے بھی لیٹے رہتے تھے جس سے جلدی کینسر،جلدی امراض،نشان اور چہرے پر جھریوں کے نشان پڑنے کا خدشہ ہوتا تھا۔
شنیرا اکرم کا کہنا تھا کہ اپنے آپ کو تبدیل کرنے کی کوشش مت کریں، اپنی جلد کو لے کر خوش رہیں، آپ کا رنگ جیسا بھی ہو آپ خوبصورت ہیں۔
وسیم اکرم کی اہلیہ نے گندمی رنگت رکھنے والی لڑکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گندمی رنگ رکھنے والی تمام لڑکیاں یاد رکھیں دنیا کی آدھی خواتین آپ کی طرح رنگت پانے کے لیے کیا کیا نہیں کرتیں، ا?پ کو اس سے بھرپور لطف اٹھانا چاہیے۔