فیصل آباد:: قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے پنجاب کو بڑی کارروائی سے بچا لیا، سی ٹی ڈی نے فیصل آباد سے 3 خطرناک دہشت گرد گرفتار کر لئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ہونے والے تینوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ گرفتار دہشتگردوں عبدالسلام، معدود چشتی اور علی محمد خان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ، 10 بارودی جیکٹس اور دیگر اشیا برآمد کر لی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم کے ان خطرناک دہشت گردوں کی جانب سے اداروں کو ٹارگٹ کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں پولیس اور سپیشل سکیورٹی یونٹ نے کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولا بارود کی بھاری مقدار برآمد کی تھی۔ 60 دستی بم، 10 ڈیٹونیٹر، مارٹر گولے اور اسلحے سے بھرے 53 باکس قبضے میں لئے گئے ہیں، اس کے علاوہ اسلحے میں 38 ایس ایم جی، 9 آر پی جی شامل تھیں۔
پولیس حکام کے مطابق چھاپے کے دوران سیٹلائٹ فون اور 2 پاسپورٹ بھی برآمد کیے گئے۔ خفیہ اطلاع پر کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں چھاپہ مارا گیا تو اسلحے کی بھاری مقدار پڑی ملی۔
سپیشل سکیورٹی یونٹ کے مطابق برآمد ہونے والا اسلحہ کسی بڑی کارروائی میں استعمال کیلئے چھپایا گیا تھا تاہم بروقت کارروائی کے نتیجے میں شہر بڑی تباہی سے بچ گیا۔
ایس ایس یو حکام کے مطابق برآمد شدہ اسلحے کا فرانزک کرایا جائے گا جبکہ معاملے میں ملوث دہشت گردوں کے حوالے سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔