سڈنی:: آسٹریلیا نے سڈنی ٹیسٹ 279 رنز سے جیت کر مہمان نیوزی لینڈ کو تین میچز کی سیریز میں وائٹ واش کر دیا، نیتھن لیون نے دس شکار کیے، لبے شینے مین آف دی میچ قرار پائے۔
سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے 40 رنز سے اپنی دوسری ادھوری اننگز شروع کی، ڈبل سنچری اسکور کرنے والے لبے شینے دوسری باری میں انسٹھ رنز پر پر آؤٹ ہو گئے، ٹاپ آرڈر بلے باز شاندار بلکہ یادگار کارکردگی پر مین آف دی میچ اور سیریز قرار پائے۔
امپائر علیم ڈار کی طرف سے وارننگ کے باوجود ڈینجر ایریا میں دوڑنے پر ٹیم آسٹریلیا کو پانچ رنزکی پنلٹی ہوئی، ناٹ آؤٹ ڈیوڈ وارنر جب ایک سو گیارہ کے انفرادی اسکور تک پہنچے تو دوسو سترہ رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کر دی گئی۔
چار سو سولہ رنز کا ہدف ملا تو کیویز رنز کے پہاڑ تلے دبے دکھائی دیئے، 38 رنز پر آدھی ٹیم آؤٹ ہو گئی، نویں بلے باز 136 رنز پر آؤٹ ہوئے، نیتھن لیون نے دس وکٹیں حاصل کیں۔
دو سو اناسی رنز کی جیت سے آسٹریلیا نے کیویز کو تین میچز کی سیریز میں کلین سویپ کر دیا، بڑی جیت کا بڑا انعام آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ٹیبل پر ملا، فاتح کھلاڑیوں نے خوب جشن بھی منایا۔