کراچی:: گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ پاکستان مالی استحکام کی پالیسیوں کیلئے کوشاں ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان اور پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) کے اشتراک سے گزشتہ روز کراچی میں ’’ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں بحرانوں سے نمٹنا‘‘ کے عنوان پر ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔
سیمینار میں پالیسی سازوں، مالی شعبے کے ماہرین، محققین، حکومتی عہدیداران، کمرشل بینکوں کے سربراہان، ممتاز کاروباری شخصیات اور اہل علم اور میڈیا نے شرکت کی۔
سٹیٹ بینک کے گورنر ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ سیمینار کے انعقاد کا مقصد دوہرا ہے۔ اوّل یہ واضح کرنا کہ سٹیٹ بینک اپنی مانیٹری، ایکسچینج ریٹ اور مالی استحکام کی پالیسیوں کی تشکیل اور نفاذ کے مینڈیٹ کے علاوہ معاشی مسائل پر تعمیری بحث مباحثے کو فروغ دینے کے لیے کوشاں اور متنوع نقطہ ہائے نظر سننے پر آمادہ ہے۔
دوم اس امر کو اجاگر کرنا کہ پاکستان منفرد نہیں اور دیگر ابھرتی ہوئی معیشتیں موجود ہیں جنہیں بحرانوں کا سامنا ہوا ہے اور وہ مشکل تبدیلیوں سے گزری ہیں۔ عالمی مالیاتی فنڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایتھناسیوس آرونیٹس نے کلیدی خطاب کیا۔