0

سٹاک مارکیٹ میں 214.01 پوائنٹس کی مندی، 43 ہزار کی نفسیاتی حد گر گئی

لاہور:: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران بھی غیر یقینی صورتحال کے باعث 100 انڈیکس میں 214.01 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی جبکہ 43 ہزار کی نفسیاتی حد ایک مرتبہ پھر گر گئی۔

تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران مسلسل غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، 100 انڈیکس میں آج 214.01 پوائنٹس کی تنزلی دیکھی گئی، جس کے باعث حصص مارکیٹ میں مزید 3 حدیں گر گئیں۔ گرنے والی حدوں میں 43200، 43100، 43000 کی حدیں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ کاروباری ہفتے کے پہلے روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 11 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی تھی جبکہ دوسرے کاروباری روز کے دوران 11.63 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی، اس مندی کے باعث انڈیکس 43218 پوائنٹس سے گر کر 43207.04 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔

آج کاروبار کا آغاز ہی غیر یقینی صورتحال کے باعث ہوا، پہلے ہی گھنٹے کے دوران انڈیکس میں 100 پوائنٹس گر گئے تھے، دوپہر بجے تک 43 ہزار کی نفسیاتی حد گر گئی اور انڈیکس 42973.54 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔

دوپہر دو بجے کے قریب انویسٹرز متحرک ہوئے اور انڈیکس ایک مرتبہ پھر 43 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا اور ایک موقع پر انڈیکس 43239.88 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا۔

تاہم تیزی کا یہ تسلسل بھی برقرار نہ رکھ سکا اور کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 214.01 پوائنٹس کی مندی کے بعد 42993.03 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

آج پورے کاروباری روز کاروبار میں 0.5 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 11 کروڑ 99 لاکھ 54 ہزار 170 شیئرز کا لین دین ہوا، جن کی مالیت 5 ارب 16 کروڑ 46 لاکھ 88 ہزار 10 روپے بنتی ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں اس وقت غیر یقینی صورتحال چھائی ہوئی ہے، ملک میں سیاسی غیر یقینی کے باعث ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار پیسے لگانے سے گریزاں ہیں، حکومتی اتحادی جماعتیں ایم کیو ایم، جی ڈی اے، ق لیگ میں اختلافات کے باعث سرمایہ کار دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں