گجرات:: سمندری سے 2 سابق ارکان پنجاب اسمبلی چودھری مظہر علی گِل اور عارف محمود گِل نے ق لیگ میں شمولیت اختیار کرلی۔
سرگودھا کے بعد سمندری سے بھی 2 سابق ارکان پنجاب اسمبلی چودھری مظہر علی گِل اور عارف محمود گِل نے چوہدری پرویز الہی سے ملاقات کر کے مسلم لیگ ق میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ چودھری مونس الہی اور کامل علی آغا بھی ملاقات میں شریک تھے، دونوں سابق ارکان پنجاب اسمبلی آئندہ بلدیاتی الیکشن مسلم لیگ ق کے پلیٹ فارم سے لڑیں گے۔ مسلم لیگ قائداعظم میں شامل ہونے والوں میں چودھری خالد محمود گِل، حمزہ خالد گِل، شیخ اظہر اقبال اور حاجی عبدالقادر بھی شامل تھے۔
چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا فیصل آباد میں پارٹی کو مضبوط اور فعال بنائیں، تمام کارکنوں اور ساتھیوں کو ساتھ لے کر چلیں، متحد ہو کر آئندہ بلدیاتی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنے امیدواروں کو کامیاب کرایا جائے، پاکستان مسلم لیگ نے پنجاب میں بلدیاتی نمائندوں کے ذریعے عوام کی خدمت کی، بلدیاتی نمائندوں نے جس طرح عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کیا وہ اپنی مثال آپ ہے، پنجاب کی بلدیاتی تاریخ کا سنہرا دور تھا جس میں ریکارڈ ترقیاتی اور عوامی فلاح و بہبود کے کام کئے گئے۔