اسلام آباد:: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سسٹم کے اندر کالی بھیڑوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔
وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ مختلف بارڈرز پر افواج پاکستان کی مدد سے ٹرانسپورٹ میکنزم بنایا گیا ہے، کوئٹہ میں 2 کولیکٹر اور دیگرعملے کے خلاف سمگلنگ پرایکشن لیا گیا۔ آج اجلاس کے دوران طورخم بارڈر پر کرپشن کے وائرس کے بارے میں شرکا کوآگاہ کیا گیا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کسٹم انٹیلی ایجنس یونٹ نے ٹیکس چوری، سمگلنگ کی نشاندہی کی، طورخم بارڈر پر گاڑیوں کا وزن جب کیا گیا تو ڈیوٹی ادا کیے بغیر پاکستان میں 355 گاڑیاں داخل ہوئی، طورخم بارڈر پر بھی دو کولیکٹوریٹ کو معطل کردیا گیا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں سیاسی، معاشی، عوامی ریلیف سے متعلق امور پرغور کیا گیا۔ مہنگائی کی لہرسےعوام میں تشویش ہے۔ ہمیں اپنی عوام کا احساس ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ضلعی اراکین اپنے علاقوں میں ذخیرہ اندوزوں پر نظر رکھیں تاکہ ان کیخلاف بر وقت کارروائی کی جائے۔
ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نےکہا مسئلہ کشمیراولین ترجیح ہے، 5 فروری کویوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا، بھارت معصوم کشمیریوں کے حقوق کا قاتل ہے، بھارتی انتہا پسند سوچ نے کشمیریوں کو جکڑا ہوا ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کے دوران گندم بحران کے بعد پنجاب حکومت کے فلورملوں کے خلاف ایکشن سے شرکا کو آگاہ کیا گیا۔ ذخیرہ اندوز،ملاوٹ کرنے والے مافیا کے خلاف اقدامات سے اجلاس کے شرکا کوآگاہ کیا گیا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سسٹم کے اندر کالی بھیڑوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔ احتساب کے عمل میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے۔