0

سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز: فواد عالم، عثمان شنواری کی واپسی یقینی

لاہور:: دورہ آسٹریلیا کے بدترین شکست کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے۔ آئندہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوران متعدد تبدیلیاں متوقع ہیں جبکہ عرصہ دراز سے ٹیم میں شمولیت کے لیے دستک دینے والے مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم، عثمان خان شنواری کی واپسی یقینی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران بدترین شکست کے بعد قومی ٹیم میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہے، ہفتے کے روز قومی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا جس میں سری لنکا کے خلاف ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے دوران سینئرز پلیئرز کی واپسی متوقع ہے۔

11 دسمبر کو ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے دوران ینگ فاسٹ باؤلرز موسیٰ خان اور نسیم شاہ کو باہربٹھایا جائے گا جبکہ قوی امکان ہے کہ عمران خان سینئر بھی ایکشن میں نظر نہ آئیں۔

فاسٹ باؤلنگ میں آپشن کے طور پر قومی ٹیم میں عثمان خان شنواری، راحت علی کی واپسی یقینی بتائی جا رہی ہے، امام الحق کی جگہ رواں سال قائد اعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ 864 رنز بنانے والے اوپننگ بلے باز سمیع اسلم کو بھی عمدہ کارکردگی کا صلہ قومی ٹیم میں شمولیت کی صورت میں دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق حارث سہیل کی جگہ فواد عالم لے سکتے ہیں۔ تاہم ایک آپشن یہ بھی زیر غور ہے حارث کی جگہ افتخار احمد کو سکواڈ سے باہر رکھا جائے۔

یاد رہے کہ سری لنکا کی ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی جس کے ساتھ ہی پاکستان میں 10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہو گی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی 15 رکنی ٹیسٹ ٹیم کو فائنل کر لیا گیا ہے، ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو سکتی ہے، عابد علی، سمیع اسلم، شان مسعود، اظہر علی، بابر اعظم، فواد عالم، افتخار احمد، اسد شفیق، محمد رضوان، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس، راحت علی، کاشف بھٹی، نعمان علی شامل ہیں۔

دورہ آسٹریلیا کے دوران موقع نہ ملنے والے عابد علی کے ساتھ شان مسعود اوپننگ کرتے نظر آئیں گے، ون ڈاؤن کی ذمہ داری ایک بار پھر قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی سنبھالیں گے۔

قومی ٹیم کی رنز مشین بابر اعظم کو چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرائی جائے گی جبکہ قوی امکان ہے کہ پانچویں نمبر پر فواد عالم بیٹنگ کرتے ہوئے نظر آئیں، اسد شفیق ایک مرتبہ پھر چھٹے نمبر کے محاذ سنبھالیں گے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان ساتویں نمبر پر ایک مرتبہ توجہ کا مرکز ہوں گے۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق دورہ آسٹریلیا سے واپسی پر کہہ چکے ہیں کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوران بڑی تبدیلیاں نہیں ہونگی میں چاہتا ہوں کہ یہی سکواڈ ایک مرتبہ پھر سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچز کھیلتے ہوئے نظر آئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں