لاہور:: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ پی آئی سی کیس میں گرفتار 25 وکلا کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انھیں ایک ایک لاکھ روپے مچلکے پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ پی آئی سی میں ملوث گرفتار وکلا کے کیس پر سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسر انسپکٹر عبیداللہ نے کیس کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔
سرکاری وکلا نے عدالت کو بتایا کہ 8 وکلا کی شناخت پریڈ میں تصدیق نہیں ہو سکی تھی تاہم 25 وکلا کی شناخت پریڈ میں تصدیق ہو چکی ہے جبکہ فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ بھی مکمل کر لیے ہیں۔
سرکاری وکیل نے عدالت میں استدعا کی کہ عدالت ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کرنے کا حکم دے۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس پر سماعت کی۔
ملزمان کی جانب سے سینئر وکیل مقصود بٹر، رانا منظور، فرہاد علی شاہ اور ملک عدیل احسان نے درخواست ضمانت میں دلائل دیے کہ 25 ملزمان وکلا 12 دن سے پولیس حراست میں موجود ہیں۔ ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرنے کا حکم دیا جائے۔ ہمارے وکلا بھائیوں کا میڈیکل بھی نہیں کرایا گیا۔
عدالت نے 25 ملزمان کی جانب سے عدالت میں پیش ہونے والے وکلا کو تمام ملزمان کی جانب سے ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے عدالت میں جمع کرانے کا حکم دے دیا۔