اسلام آباد:: رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جولائی تا ستمبر مالیاتی خسارہ 286 ارب روپے رہا جبکہ وفاق کی آمدن 1489 ارب روپے رہی۔
اسلام آباد سے وزارت خزانہ نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کی مالیاتی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے ستمبر وفاق کے کل اخراجات 1775 ارب روپے رہے۔
پہلی سہ ماہی میں بجٹ خسارہ 286 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔ بجٹ خسارہ جی ڈی پی کا 0.7 فیصد ہے۔ جولائی سے ستمبر تک ٹیکس آمدن 1142 ارب روہے رہی۔
وفاقی حکومت نے 1038 ارب روپے کے ٹیکسز اکٹھے کیے جبکہ اس دوران صوبوں نے 104 ارب 50 کروڑ روپے کے ٹیکسز جمع کیے۔ تین ماہ میں 1582 ارب روپے کے جاری اخراجات کیے گئے۔
جولائی تا ستمبر قرضوں پر سود کی ادائیگی پر 571 ارب روپے خرچ کیے گئے جبکہ تین ماہ میں دفاع پر 242 ارب 63 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔