0

راولپنڈی ٹیسٹ خراب موسم کا شکار: چوتھے روز بھی کھیل شروع نہ ہوسکا

راولپنڈی:: دس سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی خراب موسم کا شکار ہو گئی، راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے دن کا کھیل تاحال شروع نہ ہو سکا۔

تفصیلات کے مطابق بارش اور خراب روشنی نے پاکستان اور سری لنکا کے راولپنڈی میں کھیلے جانیوالے سیریز کے پہلے میچ کا رخ ڈرا کی طرف موڑ دیا ہے کیونکہ تیسرے روز بھی بارش اور خراب روشنی کے باعث محض 32 گیندوں کا کھیل ممکن ہو سکا، ایک بجکر دس منٹ پر شروع ہونے والا کھیل محض 26 منٹ کے بعد امپائرز نے ختم کر دیا۔

سری لنکا نے 6 وکٹوں پر 282رنز بنا لئے، دھنن جایا ڈی سلوا 87 رنز پر ناقابل شکست ہیں جو گزشتہ روز بھی ایک موقع پر نسیم شاہ کیخلاف آؤٹ ہونے سے بچ نکلے، دوسرے اینڈ پر موجود بیٹسمین دلرووان پریرا نے 12 گیندوں کا سامنا کیا لیکن وہ بار ہا حریف باؤلرز کو اعتماد سے کھیلنے میں ناکام رہے اور 6 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔

یقینی طور پر اس میچ کے نتیجے کا امکان ختم ہوچکا ہے کیونکہ باقی دو دن میں تین اننگز اسی صورت میں ممکن ہیں جب دونوں ٹیموں کی بیٹنگ لائن زوال کا شکار ہو جائے اور حیرانگی نہ ہو تو یہی دو ٹیمیں بیٹنگ لائن کی اچانک تباہی کیلئے شہرت کی بھی حامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں