0

رانا ثنا اللہ پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، ضمانت اس بات کا ثبوت ہے: شہباز شریف

لندن‏:: مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی ضمانت ثبوت ہے کہ ان پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا تھا۔
رانا ثنا اللہ کی ضمانت پر شہباز شریف کا ردعمل دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہنا تھا کہ بے گناہ شخص پر منشیات جیسا الزام لگا کر میڈیا ٹرائل کیا گیا۔ اللہ کا شکر ہے کہ بے گناہ کو انصاف ملا۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور اداروں کی آزادی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ یہ بات افسوس ناک ہے کہ نااہل سیاسی انتقام کے لیے اداروں کو استعمال کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے منشیات سمگلنگ کیس میں رانا ثنا اللہ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے لیگی رہنما کو 10، 10 لاکھ کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ جسٹس چودھری مشتاق نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

رانا ثنا اللہ یکم جولائی کو گرفتار ہوئے اور اے این ایف نے انہیں ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا۔ اے این ایف نے لیگی رہنما کی پہلی پیشی پر ہی جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی جس پر عدالت نے رانا ثنا اللہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

رانا ثنا اللہ کے خلاف اے این ایف حکام نے 23 جولائی کو ٹرائل کورٹ میں چالان جمع کرایا، 9 نومبر کو رانا ثناء اللہ کی ضمانت کی درخواست لاہور کی ٹرائل کورٹ نے مسترد کی، 3 اکتوبر کو لاہور ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی گئی جو 4 اکتوبر کو واپس لے لی گئی، دسمبر کے پہلے ہفتے میں دوبارہ درخواست ضمانت دائر کی گئی جس پر 23 دسمبر کو دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں