اسلام آباد:: ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ دنیا ہندوتوا کے باعث خطے کے امن کو درپیش خطرات سے آگاہ ہو چکی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ 2019ء سفارتی محاذ پر پاکستان کی کامیابیوں کا سال رہا۔ وزیراعظم عمران خان سمیت پاکستانی قیادت نے کئی اہم ملکوں کے دورے کئے جبکہ بہت سے اہم عالمی قائدین پاکستان آئے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے اپنی پہلی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی وزرائے خارجہ کا اجلاس پاکستان میں بلانے پر کام ہو رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر پر سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ، صدر سلامتی کونسل اور سربراہ انسانی حقوق کمیشن کو سات خط لکھے اور ایل او سی پر خطرات کو اجاگر کیا ہے۔
ترجمان نے ایک سوال پر کہا کہ پاکستان سارک کو فعال کرنا چاہتا ہے، مگر یہ تنظیم بڑی رکاوٹوں کا شکار ہے۔ پاکستان افغانستان میں امن کے لئے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔
عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کابل میں ایک پاکستانی کے اغوا کا معاملہ افغان حکام کے ساتھ اٹھایا ہے۔