اسلام آباد:: وزارت خارجہ کی جانب سے قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ اس وقت خلیجی ممالک میں 6 ہزار 738 پاکستانی قید ہیں۔
وزارت خارجہ کے مطابق سعودی عرب کی جیلوں سب سے زیادہ 3 ہزار 184 پاکستانی قید ہیں، اس کے بعد متحدہ عرب امارات کی جیلوں میں 2 ہزار 765 پاکستانی قید ہیں۔ کویت میں 99، عمان میں 476، قطر 96 اور بحرین میں 118 پاکستانی قید ہیں۔
اس کے علاوہ قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران پیش کی گئی تفصیل میں بتایا گیا کہ 2016ء سے 2019ء تک 41 ہزار 2 سو 32 افراد کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق خدمات فراہم کی گئیں۔
وزارت خارجہ کی رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق سے متعلق 31 ہزار 318 کیسز کو قانونی مشاورت کے لیے بھیجا گیا۔ پنجاب سے 23 ہزار 178، خیبر پختونخوا سے 9 ہزار 998 شکایات موصول ہوئیں۔ سندھ سے 4 ہزار 8 سو 14، بلوچستان سے 264 اور اسلام آباد سے 2 ہزار 7 سو 40 جبکہ سابق فاٹا سے 18، گلگت بلتستان سے 20 اور آزاد کشمیر سے دو سو شکایات موصول ہوئیں۔

