اسلام آباد:: اتحادیوں کے مطالبات پر غور کیلئے حکومتی مذاکراتی کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو معاملات طے ہوئے اس پر عملدرامد کیا جائے گا۔
تفصیل کے مطابق حکومتی کمیٹیوں کے اجلاس میں اتحادیوں کے مطالبات اور ان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ شفقت محمود نے مسلم لیگ (ق) کے تحفظات سے اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اتحادیوں کے تحفظات کو دور کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان کے ساتھ باضابطہ رابطہ کیا جائے گا اور جو پہلے معاملات طے ہوئے اس پر عملدرامد ہوگا۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ اتحادیوں کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ اجلاس کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اتحادی بھی ساتھ رہیں گے اور اتحاد بھی برقرار رہے گا۔ آس لگانے والے پہلے بھی ناکام ہوئے، انھیں اب بھی مایوسی ہوگی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے جبکہ تمام معاملات بھی افہام وتفیم سے حل کر لیے جائیں گے۔ ہم مشاورت سے چلنے پر یقین رکھتے ہیں ۔
گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا تھا کہ اتحاد کے معاملات حل کر لیں گے۔ ایسا کوئی مسئلہ نہیں جو حل نہ ہو سکے۔ ہم اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
وفاقی وزیر شفقت محمود نے بتایا کہ اگلے ہفتے اپنے اتحادیوں سے رابطہ کرکے ملاقات کریں گے۔ تمام کمیٹیاں اپنے اپنے ٹاسک کے مطابق اتحادیوں سے ملیں گی۔ پہلے سے طے شدہ معاملات پر عملدرامد کیا جائے گا۔